ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 13 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کی۔
نیپیئر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان شائی ہوپ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بدھ کو ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں شائی ہوپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس اننگز کے ساتھ ہی شائی ہوپ دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچریاں اسکور کی ہیں، جن میں تمام 11 ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز کے علاوہ نیدرلینڈز اور نیپال بھی شامل ہیں۔
شائی ہوپ نے اس کامیابی کے ساتھ کرس گیل اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے 12 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنائی تھیں۔ یہ ہوپ کی ون ڈے کی 19ویں سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ برائن لارا کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے، جبکہ کرس گیل 25 سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 247 رنز بنائے تھے، جسے نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔














