ماہرہ خان نے صبا قمر سے مبینہ دشمنی پر لب کشائی کی اور ان کے کام کی تعریف کی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مایہ ناز اداکارہ ماہرہ خان نے پہلی بار اداکارہ صبا قمر سے مبینہ دشمنی اور جلن پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صبا قمر کے کام کی بہت عزت کرتی ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی منفی جذبہ نہیں ہے۔
پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ اداکارائیں ماہرہ خان اور صبا قمر ہمیشہ سے فن اور شہرت کی بلندیوں پر ایک ساتھ سفر کرتی آئی ہیں۔ ان کی کامیابیوں نے پاکستانی فنکاروں کے لیے عالمی سطح پر پذیرائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ہمیشہ دو مضبوط خواتین کو مقابلے میں دیکھنا چاہتی ہے، اسی لیے انہیں ایک دوسرے کے سامنے لاکھڑا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی طرف سے کبھی کوئی منفی جذبہ نہیں تھا اور وہ صبا قمر کے لیے ہمیشہ مثبت سوچ رکھتی ہیں۔ ماہرہ کے مطابق اگر دونوں کبھی اکٹھے کسی پروجیکٹ کا حصہ بنیں تو وہ یقیناً شاہکار ثابت ہوگا۔















