کراچی میں جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا آغاز ہوگیا، جس میں 6 جاپانی فلموں کی نمائش کی جائے گی، تاکہ پاکستانی ناظرین کے سامنے جاپانی ثقافت اور کہانیاں پیش کی جا سکیں۔
کراچی: (رائیٹ ناؤنیوز) کراچی میں جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا آغاز ہو گیا۔ اس فیسٹیول کا انعقاد جاپانی قونصل خانہ کراچی، پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
اس فیسٹیول کا مقصد جاپانی ثقافت، فن اور کہانیوں کو پاکستانی ناظرین تک پہنچانا ہے۔ افتتاحی تقریب میں جاپانی اینیمیٹڈ فلم ’چلڈرن آف دی سی‘ کی نمائش کی گئی، جس نے حاضرین میں زبردست دلچسپی پیدا کی۔
فیسٹیول میں ’چلڈرن آف دی سی‘ سمیت 6 جاپانی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ یہ فلمیں کراچی کے مختلف مقامات پر ستمبر کے دوران پیش کی جائیں گی، تاکہ شائقین جاپان کی متنوع کہانیوں اور ثقافت سے روشناس ہو سکیں۔
افتتاحی تقریب میں جاپانی قونصل جنرل نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور سینما کی ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم فیسٹیول شرکا کے لیے بامعنی ملاقاتوں کا ذریعہ بنے گا۔
یاد رہے کہ جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ فیسٹیول جاپانی قونصل خانے اور جاپان فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے۔















