روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش

روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ دونوں ممالک کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ خطے میں استحکام روس کی ترجیح ہے، اور پاکستان و افغانستان کے مابین کشیدگی عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

ماریہ زخارووا نے دونوں ممالک سے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ سرحدی کشیدگی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، جبکہ مذاکرات ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کو اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے ثالثی کی پیشکش کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں، جن میں دوحہ مذاکرات کے نتیجے میں جنگ بندی ہوئی تھی، تاہم استنبول میں مذاکرات کا کوئی ثمر حاصل نہ ہو سکا۔ ترک صدر نے آذربائیجان میں اعلان کیا تھا کہ وہ پاک افغان کشیدگی میں کمی کے لیے اپنا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجیں گے۔

دریں اثناء، ایران کے وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کے ہم منصب سے کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

دیگر متعلقہ خبریں