چین نے امریکا کی جانب سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے اعلان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنے مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤنیوز) امریکا کی جانب سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے اعلان پر چین نے سخت ردعمل دیا ہے۔ چین نے کہا ہے کہ وہ اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بتایا کہ چین غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ چین ایران کے ساتھ اپنے تعاون اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں اور معاشی دباؤ مسائل کے حل میں مددگار ثابت نہیں ہوتے بلکہ تنازعات اور کشیدگی کو بڑھاتے ہیں۔ یہ یکطرفہ پابندیاں عالمی اقتصادی اور مالیاتی نظام کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جس میں متعدد افراد، اداروں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اسے سخت مالیاتی اقدام قرار دیا ہے۔
چین ایران کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور ایرانی تیل کا بڑا خریدار بھی ہے۔ اس کے باعث امریکا کی نئی پابندیوں سے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان اقتصادی کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے۔











