ایران پر مزید پابندیوں کا خدشہ، امریکا-اسرائیل پر اقتصادی جنگ کا الزام

ایران کے نائب صدر نے مزید اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، امریکا و اسرائیل پر اقتصادی جنگ کا الزام عائد۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران پر مزید پابندیوں کا خدشہ، امریکا-اسرائیل پر اقتصادی جنگ کا الزام

تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران کے نائب صدر اول محمد رضا عارف نے خبردار کیا ہے کہ ملک کو آئندہ مزید اقتصادی دباؤ، پابندیوں اور مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے امریکا اور اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ حالیہ فوجی کشیدگی کے بعد انہوں نے ایران کے خلاف معاشی جنگ شروع کردی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محمد رضا عارف نے مارکیٹ ریگولیشن ہیڈکوارٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین فوجی محاذ پر اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکنے کے بعد اب معاشی دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کے بقول اس حکمت عملی کا مقصد ایران کی معیشت کو کمزور کرنا اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو سماجی بے چینی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔

عارف نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اقتصادی دباؤ میں اضافے کا مقصد ایرانی عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا اور اندرونی سطح پر عدم اطمینان کو بڑھانا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کو آنے والے دنوں میں پابندیوں اور اقتصادی دباؤ کے مزید اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب صدر اول نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے، تاہم اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسی پر قائم رہے گا۔ انہوں نے معاشی مشکلات کے باوجود حکومت کی جانب سے مارکیٹ کو منظم رکھنے اور عوام کو ضروری اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔

دیگر متعلقہ خبریں