مری میں جشن آزادی پر سیاحوں کا رش، مال روڈ پر آتش بازی نے ماحول کو رنگین بنا دیا۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات۔
مری: (رائیٹ ناؤنیوز) جشن آزادی کے موقع پر مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ مال روڈ اور دیگر علاقوں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور رنگ برنگی روشنیوں کا اہتمام کیا گیا۔
سیاحوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ جشن آزادی منایا۔ آسمان شاندار آتش بازی سے جگمگا اٹھا، اور مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہ رہی۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈی پی او ڈاکٹر رضا تنویر سپرا کی سربراہی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات رہے۔
جشن آزادی کی تقریبات نے مری کی رونقوں کو بڑھا دیا۔ اہم نجی و سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، جبکہ خصوصی تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا۔
یاد رہے کہ مری میں جشن آزادی کی تقریبات کے دوران دفعہ 144 نافذ ہے، لیکن شہریوں کی خوشیاں اور سرگرمیاں جاری رہیں۔














