پاکستان میں 36فیصد پیک شدہ گھی، خوردنی تیل اور دودھ کےِ نمونےغیر معیاری قرار، حکومت کا جامع سروے کا فیصلہ

وفاقی وزیر احسن اقبال نے فوڈ کوالٹی ٹیسٹ میں 36 فیصد نمونوں کی غیر معیاری رپورٹ پر جامع سروے کرانے کا حکم دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان میں 36فیصد پیک شدہ گھی، خوردنی تیل اور دودھ کےِ نمونےغیر معیاری قرار، حکومت کا جامع سروے کا فیصلہ

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی ہدایت پر کیے گئے فوڈ کوالٹی ٹیسٹ میں پیک شدہ گھی، خوردنی تیل اور دودھ کے نمونے قومی معیار پر پورا نہیں اترے۔ پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق (PCSIR) کی لیبارٹری میں 491 نمونوں میں سے 176 نمونے غیر معیاری پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 204 گھی کے نمونوں میں سے 98، یعنی 48 فیصد، غیر معیاری قرار دیے گئے۔ 146 بلینڈڈ کوکنگ آئل کے 40 نمونے اور 104 پیک شدہ دودھ کے 26 نمونے بھی معیار پر پورا نہیں اترے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض دودھ کے نمونوں میں مطلوبہ چکنائی کی مقدار بہت کم تھی۔ معروف بین الاقوامی برانڈز کے نمونے معیار کے مطابق تھے، جبکہ مقامی برانڈز میں مسائل سامنے آئے۔

احسن اقبال نے ملک بھر میں کھلے گھی، خوردنی تیل اور دودھ کا جامع سائنسی سروے کرانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ماہرین پر مشتمل تکنیکی ذیلی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس سے قبل کیے گئے تھے، جس کا مقصد شہریوں کو معیاری خوراک فراہم کرنا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں