خیبرپختونخوا اسمبلی نے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق واپس لے لی، اب صرف رکنیت کی مدت تک کارآمد ہوگا۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین کے لیے مراعات و استحقاق ایکٹ 2026 کی ترامیم منظور کرلی ہیں۔ ان ترامیم میں تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق واپس لے لی گئی ہے۔
نئی ترامیم کے تحت اراکین اسمبلی کو بلیو پاسپورٹ رکنیت کی مدت تک ہی ملے گا۔ اس کے علاوہ اسلحہ لائسنس کی تعداد 4 کر دی گئی ہے اور صحافیوں کے جرمانے اور سزائیں بھی کم کر دی گئی ہیں۔
اجلاس میں ہری پور اور ایبٹ آباد کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی تجویز کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ یہ قرارداد صوبائی وزیر اکبر ایوب نے پیش کی۔
اس قرارداد میں کہا گیا کہ ہری پور اور ایبٹ آباد خیبرپختونخوا کا اٹوٹ انگ ہیں اور ان کا حق خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل پر ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین کی مراعات سے متعلق ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے اور اجلاس کو 10 اگست تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔














