ضلع خیبر میں 2 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع، نرسنگ کالج، صاف پانی اور سڑکوں کی بہتری شامل۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر میں 2 ارب روپے سے زائد لاگت کے 5 ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبے جمرود میں نرسنگ کالج، انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز، صاف پانی کی سکیموں اور دیگر انفراسٹرکچر پر مشتمل ہیں۔
636 ملین روپے کی لاگت سے نرسنگ کالج جمرود اور 32 ملین روپے سے اپلائیڈ سائنسز میں اے آئی کلاسز کے قیام کیے جائیں گے۔ 502 ملین روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی 21 سکیموں کی بحالی اور سولرائزیشن ہوگی۔
430 ملین روپے سے جمرود بازار کی بیوٹیفکیشن اور 424 ملین روپے سے تختہ بیگ تا ڈی ٹور روڈ باڑہ کی توسیع و بحالی کی جائے گی۔ ان منصوبوں کا مقصد علاقے میں تعلیم، صحت، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے اور علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ان ظالموں سے پاکستان کو آزاد کروانا ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے حالیہ برسوں میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔














