شانگلہ کے 34 مزدور کوئٹہ کان حادثے میں جاں بحق، متاثرین میں رشتہ داروں کی بڑی تعداد شامل۔ سماجی رہنماؤں نے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) کوئٹہ کے علاقے سپین کاریز میں کوئلہ کان حادثے میں 34 مزدور جاں بحق ہوئے۔ ان میں سے 32 مزدوروں کی میتیں آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں، جبکہ باقی 2 کی میتیں بھیجنے کی کارروائی جاری ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک گھر کے تین بھائی اور چچا شامل ہیں۔ شانگلہ کے میاں کلے پیرآباد سے 22 مزدور بھی متاثر ہوئے۔ متاثرین میں زیادہ تر افراد آپس میں رشتہ دار تھے۔
حادثے کے باعث متعدد خاندان اجڑ گئے، بچوں کے یتیم اور خواتین کے بیوہ ہونے کا المیہ پیش آیا۔ شانگلہ میں اجتماعی سوگ کا عالم ہے، نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔
احتجاجی مظاہروں میں حکومت سے کان کنوں کے تحفظ اور حقوق کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ جنازوں میں مرحومین کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی گئی۔
یاد رہے کہ شانگلہ کے سماجی رہنماؤں نے واقعے کی عدالتی تحقیقات، ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور جاں بحق مزدوروں کے ورثاء کے لیے مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔















