سجاول میں دریافت شدہ تیل و گیس کے کنویں سے یومیہ 5 اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 12 بیرل تیل حاصل ہو رہا ہے، جو ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ہوگا۔
سجاول: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ کے ضلع سجاول میں تیل و گیس کا نیا کنواں دریافت ہو گیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے شاہ بندر بلاک میں تیل و گیس کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
پی پی ایل کے مطابق راہی ایکس ون نامی کنویں سے یومیہ 5 اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 12 بیرل تیل حاصل کیا جا رہا ہے۔ یہ معلومات پی پی ایل نے اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے فراہم کیں۔
شاہ بندر بلاک میں یہ چوتھا کنواں ہے جو پی پی ایل نے دریافت کیا ہے۔ راہی ایکس ون کنواں پی پی ایل، ماری انرجیز، سندھ انرجی کمپنی اور جی ایچ پی ایل کی مشترکہ ملکیت ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق یہ کنواں مکمل طور پر مقامی مہارت سے کھودا گیا ہے اور کسی غیرملکی معاونت کے بغیر انجام دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی یہ دریافت ملکی توانائی کے ذخائر میں اضافہ کرے گی اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔














