پٹھان کالونی میں دریائے راوی کا بند ٹوٹنے سے سیکڑوں افراد محصور، مقامی آبادی متاثر۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) دریائے راوی کے کنارے پٹھان کالونی میں سیلابی صورتحال سنگین ہوگئی۔ برساتی بند ٹوٹنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے اور سیکڑوں خاندان محصور ہوگئے۔
متاثرہ علاقوں میں رچنا ٹاؤن، رانا ٹاؤن اور کوٹ عبدالمالک شامل ہیں جہاں پانی کی سطح بلند ہے۔ اب تک تین بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق حفاظتی بند ٹوٹنے کی وجہ سے پانی مختلف آبادیوں میں داخل ہوا۔ کئی خاندانوں نے عورتوں اور بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
پٹھان کالونی کے رہائشی محمد ریاض کے مطابق علاقے میں بجلی کی بندش ہے اور پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں فلاحی تنظیمیں اور ریسکیو 1122 شامل ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے علاقے میں مزید خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ مکینوں نے حکومتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔















