سعودی عرب نے نئے مسلمان ہونے والوں کے لئے ڈیجیٹل کارڈ سروس متعارف کرائی ہے۔ اس سے ان کی سرکاری شناخت میں آسانی ہو گی اور تمام مراحل ڈیجیٹل ہوں گے۔
ریاض: (رائیٹ ناؤنیوز) سعودی عرب نے اسلام قبول کرنے والے افراد کے لئے ایک نئی ڈیجیٹل کارڈ سروس متعارف کرائی ہے۔ یہ کارڈ ان لوگوں کو فراہم کیا جائے گا جو حال ہی میں مسلمان ہوئے ہیں، تاکہ ان کی سرکاری شناخت آسان ہو سکے۔
سعودی وزارت اسلامی امور کے مطابق، یہ سروس تمام مراحل کو ڈیجیٹل بناتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد اسلام قبول کرنے کے عمل کو تیز کرنا اور اسے موبائل کے ذریعے خودکار بنانا ہے۔
نئے کارڈ کو سعودی عرب کی ایپ توکلنا سے منسلک کیا گیا ہے۔ منظوری کے بعد، کارڈ خودکار طور پر صارف کے اکاؤنٹ میں ظاہر ہو جائے گا۔
یہ اقدام سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف سرکاری ریکارڈ بہتر ہوں گے بلکہ آئندہ کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے ماضی میں بھی حجاج اور عمرہ زائرین کے لئے نسک پلیٹ فارم اور مکہ روٹ جیسے متعدد ڈیجیٹل سہولتیں متعارف کرائی ہیں۔














