نیوزی لینڈ میں پہلی بار H5 برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی، حکومت نے نایاب پرندوں کی ویکسینیشن شروع کر دی۔
ویلنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) نیوزی لینڈ میں پہلی بار H5 برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ وائرس دارالحکومت ویلنگٹن کے پیٹون بیچ پر مردہ براؤن اسکوا میں پایا گیا۔
مقامی حکام کے مطابق اس وائرس کے جنگلی پرندوں میں بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے کہا ہے کہ پولٹری فارم ابھی تک محفوظ ہیں۔
وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے کہا کہ عام شہریوں کو اس وائرس سے کم خطرہ ہے۔ انڈے اور مرغی کا گوشت محفوظ ہے، لیکن بیمار پرندوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی حکومت نے نایاب پرندوں کی ویکسینیشن شروع کر دی ہے۔ یہ اقدامات ممکنہ وبا سے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ H5 برڈ فلو 2021 سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، جس نے لاکھوں جانوروں کو متاثر کیا ہے اور کچھ فارم ورکرز میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔














