وزیر پیٹرولیم نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، حکومتی ترجیحات ایندھن کی بلا تعطل فراہمی پر مرکوز ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی حکومت اور آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کے روز وزیر پیٹرولیم اور آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کے درمیان کامیاب ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں آئل ٹینکرز سے متعلق مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرے گی، جس میں ڈی جی آئل، اوگرا، اوٹکا اور او سی اے سی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
اوٹکا کے وفد نے وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں کمی اور دیگر مطالبات پیش کیے۔ وزیر پیٹرولیم نے اوگرا کو آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اوٹکا کے وفد نے وزیر پیٹرولیم کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا۔












