قلعہ ستار شاہ کے قریب سیلابی ریلے سے ریلوے پل کو نقصان پہنچا، ٹرین آپریشن معطل۔ مسافروں کو متبادل انتظامات کے تحت سفر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچا۔ لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے ریلوے انفرا اسٹرکچر کو متاثر کیا۔ حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر کے مطابق قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ یہ ٹرینیں اب لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال جائیں گی۔
قراقرم 42 ڈاوُن کے مسافروں کو فیصل آباد سے ملت ایکسپریس 18 ڈاوُن میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔ میانوالی ایکسپریس کو براستہ وزیر آباد، لالہ موسی روانہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے۔ پاکستان ریلوے نے کہا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔












