نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 97 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 269 مویشی سیلابی صورتحال کی نذر ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں سے ملک بھر میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک 97 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 43 بچے، 33 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں کی تعداد 297 بتائی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 52، پنجاب میں 29، آزاد کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پنجاب میں 203، خیبرپختونخوا میں 75، بلوچستان میں 15 افراد زخمی ہوئے۔
مون سون بارشوں کے باعث 447 گھروں کو نقصان پہنچا۔ 269 مویشی بھی سیلابی صورتحال کا شکار ہو گئے۔ 6 پلوں اور 9 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ مون سون بارشوں کی یہ سلسلہ 26 جون سے جاری ہے، جس سے ملک کے مختلف حصے متاثر ہو رہے ہیں۔ این ڈی ایم اے مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔












