خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث 28 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے متاثرین کو امداد فراہم کر رہا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناؤنیوز) خیبر پختونخوا میں 19 جولائی سے جاری شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے 28 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ صوبے بھر میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین میں 10 مرد، 15 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 9 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ بارشوں سے 47 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 37 جزوی اور 10 مکمل تباہ ہوئے ہیں۔
حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، اور دیگر اضلاع میں پیش آئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے مل کر متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کر رہے ہیں۔ متاثرین کو فوری مدد کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی سینٹر فعال ہے اور عوام کو ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔













