محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہوچکا ہے۔ آئندہ دنوں میں کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) مون سون کا نیا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 سے 4 دنوں میں کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہوچکی ہیں۔ کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔ اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 4 دنوں میں صوبے میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔ سب سے زیادہ بارش لاہور میں ریکارڈ کی گئی ہے۔













