پاکستان نے حوثیوں کے بحری حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قومی سلامتی کو خطرہ قرار دیا ہے۔ سعودی عرب کے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے حوثیوں کے بحری جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہازوں پر حملہ قومی سلامتی کو خطرہ تصور ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے جہازوں کو دھمکیاں دیں ہیں۔ پاکستان ان اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے اور حوثیوں کے ان اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔
طاہر حسین نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ جائز تجارتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ پاکستانی جہازوں کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کو خود مختار مفادات کے لیے خطرہ سمجھا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے قوانین کے تحت اپنے سمندری اثاثوں کے دفاع کے لیے طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر پاکستان کی گہری نظر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت کی ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے لیے پاکستان پرامید ہے۔














