ایف آئی اے نے نادرا افسران کو گرفتار کر لیا، جو غیر ملکیوں کے جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ملوث تھے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایف آئی اے نے نادرا کے افسران کو گرفتار کر لیا ہے جو کہ غیر ملکیوں کے لیے جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث تھے۔ ان افسران نے 100 سے زائد غیر ملکیوں کے پاکستانی شناختی کارڈز پراسیس کیے۔
ذرائع کے مطابق، گرفتار افسران کو غیر ملکیوں کے لیے درکار دستاویزات ایک پرائیوٹ ایجنٹ فراہم کرتا تھا۔ ان دستاویزات میں پیدائش، اموات، شادی کے سرٹیفکیٹس شامل ہیں جو سابق نادرا ملازم راؤ زاہد کے ذریعہ آگے روانہ کیے جاتے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر جہانزیب میمن ہر درخواست پر ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔ فیاض احمد اور راؤ زاہد کے ذریعے یہ رقم جہانزیب کو بھجوائی جاتی تھی۔
واضح رہے کہ فیاض احمد نے مشتبہ شناختی کارڈز کے بارے میں انکشافات کیے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مزید ملزمان کا پتہ چل سکے۔
یاد رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے دہشتگرد عناصر سے روابط کے شواہد بھی ملے ہیں۔













