پنجاب میں دریائے چناب کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے ہیں جس سے پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
چنیوٹ: (رائیٹ ناؤنیوز) دریائے چناب میں خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ مقامی انتظامیہ نے دریائی بیلٹ کے قریب نشیبی بستیوں سے انخلاء کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ آبپاشی کے ترجمان کے مطابق خانکی بیراج پر دو لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک پانی کی آمد اور دو لاکھ 56 ہزار 63 کیوسک اخراج ریکارڈ ہوا، جبکہ قادرآباد بیراج پر دو لاکھ 67 ہزار 159 کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چنیوٹ کی نشیبی بستیوں سے انخلاء کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ملتان اور مظفرگڑھ کے دیہات کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔















