خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے 8 اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آٹھ اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یہ الرٹ تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور حالیہ بارشوں کے باعث جاری کیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ اس صورتحال سے اچانک سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جو کہ عوام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، کوہستان بالا، کوہستان زیریں اور مانسہرہ اضلاع کو خطرے کی زد میں بتایا ہے۔ ان اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلاب کے امکانات ہیں۔

تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ جاری کرنے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث تباہی ہوئی ہے جس میں 14 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ سیاحوں کو چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں