ریان ایئر کی پرواز میں کھڑکی ٹوٹنے سے مسافر کی جان خطرے میں پڑ گئی، اہلیہ کی بہادری سے بچ گئے۔
سلانیک: (رائیٹ ناؤ نیوز) یونان سے جرمنی جانے والی ریان ایئر کی پرواز میں ایک مسافر کو اس وقت شدید خطرے کا سامنا کرنا پڑا جب دوران پرواز طیارے کی کھڑکی ٹوٹ گئی۔
طیارے میں موجود 61 سالہ جوبیسا کارویک نے بتایا کہ کھڑکی ٹوٹنے سے تیز ہوا نے انہیں باہر کی طرف کھینچنا شروع کیا۔ ان کی اہلیہ نے فوری ردعمل دکھاتے ہوئے ان کی ٹانگیں پکڑ کر انہیں بچانے کی کوشش کی۔
طیارے کے کیبن میں دباؤ کم ہونے کے باعث آکسیجن ماسک مسافروں کے سامنے آ گئے اور دیگر مسافروں نے بھی مدد کر کے جوبیسا کو واپس کیبن میں کھینچا۔
جوبیسا کارویک نے کہا کہ اس واقعے کے بعد وہ ذہنی طور پر بہت متاثر ہوئے ہیں اور ابھی وہ طیارے میں سفر کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
واضح رہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارے کی کھڑکی سے ایک انجن کا حصہ ٹکرایا تھا، مگر اس کی وجہ کا تعین ابھی تک نہیں ہو سکا۔















