نورین نیازی کے بیان پر پارٹی موقف واضح، بیرسٹر گوہر کا ردعمل

بیرسٹر گوہر نے نورین نیازی کے بیان کو ذاتی رائے قرار دیا، پارٹی پالیسی کا حصہ نہیں۔ انہوں نے دفاعی مضبوطی اور دہشت گردی کے خاتمے پر زور دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
نورین نیازی کے بیان پر پارٹی موقف واضح، بیرسٹر گوہر کا ردعمل

راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نورین نیازی کا بیان ان کی ذاتی رائے تھی اور پارٹی پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابی ملی ہے۔ اگر کوئی دوبارہ جارحیت کی کوشش کرے گا، تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور کوئی دشمن ملک کو شکست نہیں دے سکتا۔ فوج کی قربانیوں اور شہداء کے حوالے سے کسی کو لب کشائی نہیں کرنی چاہئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لیے ناسور ہے اور اس کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ ترقی اور استحکام حاصل ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل کا دیرپا حل نکالنا چاہیے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے حکومت اور عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں