اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے یونین کونسلز کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کی انتظامی کارروائیاں 22 جولائی سے 31 جولائی 2026 تک مکمل کی جائیں گی۔ نئی یونین کونسلز کی ابتدائی فہرست یکم اگست سے 25 اگست تک تیار کی جائے گی۔
شہری 27 اگست سے 16 ستمبر 2026 تک مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات جمع کروا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن ان اعتراضات پر سماعت کے بعد یکم اکتوبر تک حتمی فیصلے کرے گا۔ حتمی فہرست 13 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔
یونین کونسلز کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی گئی ہے۔ نئی حلقہ بندیوں کا عمل اسی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔















