پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین پر پیٹرولیم ڈیلرز کے تحفظات، اوگرا نے 7 دن کی مہلت مانگ لی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے معاملے پر اسلام آباد میں ہلچل مچ گئی ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز کی کراچی اور لاہور کے پیٹرولیم ڈیلرز نمائندوں سے متواتر ملاقاتوں کے باوجود بھی ڈیلرز کو قائل نہیں کیا جا سکا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم کے ساتھ پیٹرولیم ڈیلرز نمائندوں کے بیک ٹو بیک اجلاس ہوئے۔ پی پی ڈی اے کے وفد نے علی پرویز کے بعد چیئرمین اوگرا سے ڈھائی گھنٹے تک ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں نے قیمتوں کے یومیہ تعین پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وائس چیئرمین پی پی ڈی اے طارق حسن نے کہا کہ قیمتوں کے یومیہ تعین پر اوگرا نے 7 دن کی مہلت مانگ لی ہے۔
کل کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مرکزی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوگا کہ ہڑتال کریں یا اوگرا کو 7 دن کی مہلت دیں۔ ملاقاتوں میں ڈیلر مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی نمائندہ تنظیم اوسی اے سی نے حکومتی فیصلے کی حمایت کی ہے۔















