نیشنل جوڈیشل ریفارم فریم ورک کی اصولی منظوری، اس اقدام کا مقصد عدالتی نظام میں شفافیت اور انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز). نیشنل جوڈیشل ریفارم فریم ورک کی اصولی منظوری چیف جسٹس کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔ سپریم کورٹ میں منعقدہ اس اجلاس میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کے علاوہ وفاقی وزیر قانون و انصاف بھی شریک ہوئے۔
ورلڈ جسٹس پراجیکٹ رول آف لا انڈیکس سے ہم آہنگ نیشنل جوڈیشل ریفارم فریم ورک کا مقصد عدالتی اصلاحات کو فروغ دینا ہے۔ اس کی بدولت انصاف تک رسائی، شفافیت اور پیش گوئی کی صلاحیت کو مضبوط بنایا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہائی کورٹس اس فریم ورک کے تحت اپنی اصلاحی پیش رفت کا سہ ماہی جائزہ لیں گی۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور وزارتِ قانون و انصاف فریم ورک پر عمل درآمد کے لیے خصوصی سیل قائم کریں گے۔
یاد رہے کہ یہ اقدام پاکستان کے عالمی رول آف لا انڈیکس میں کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اس فریم ورک کے تحت عدالتی نظام کو شواہد پر مبنی اصلاحات اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔
خصوصی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کی مدد سے اصلاحات کی پیش رفت کی نگرانی کی جائے گی۔ مجوزہ کمیشن کی تشکیل اور قواعدِ کار جلد مکمل کیے جائیں گے، جس کے بعد انصاف تک رسائی میں مزید بہتری آئے گی۔















