این ڈی ایم اے نے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سیلاب کے خطرے کی وارننگ دی ہے۔ تربیلا، اٹک اور کالاباغ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی اطلاعات ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیلاب کے خطرے کا اظہار کیا ہے۔
دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ جناح بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 72 ہزار 720 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 64 ہزار 720 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تربیلا اور اٹک میں بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال جاری ہے۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد اور اخراج 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کی آمد 1 لاکھ 31 ہزار 123 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 8 ہزار 850 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں مون سون کا موسم ہر سال جولائی اور اگست میں آتا ہے، جس کے نتیجے میں اکثر دریاؤں میں طغیانی ہوتی ہے۔















