روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مسترد کر دیا، ان کا مقصد بھارت کی نمائندگی اور ٹیم کی کامیابی ہے۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارت کے سابق کپتان روہت شرما نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ روہت شرما نے واضح کیا ہے کہ ان کی توجہ بھارت کی نمائندگی اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، 39 سالہ روہت نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 138 رنز کی اننگز کے بعد بیان دیا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ لارڈز کا میچ ان کا آخری ون ڈے ہو سکتا ہے، لیکن روہت نے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔
روہت شرما نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام بیٹنگ کرنا اور اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ذمہ داری انہیں ڈیبیو سے ملی اور وہ آئندہ بھی یہی کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز سے ہی مختلف باتیں ہوتی رہی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کے لئے اہم بات یہ ہے کہ وہ میدان میں ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ روہت شرما پہلے ہی 2027 کے ورلڈ کپ میں بھارت کی نمائندگی کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ یہ ورلڈ کپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا۔















