گوگل نے اینڈرائیڈ بیک اپ ڈیٹا کو اکاؤنٹ اسٹوریج میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صارفین کو 45 دن کا نوٹس ملے گا، اس کے بعد اضافی اسٹوریج کے لیے فیس ادا کرنی ہوگی۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناؤ نیوز) گوگل نے اپنی کلاؤڈ بیک اپ پالیسی میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اس تبدیلی کے تحت اینڈرائیڈ فونز کے بیک اپ ڈیٹا کو اب گوگل اکاؤنٹ اسٹوریج کا حصہ مانا جائے گا۔
گوگل کی جانب سے صارفین کو ای میل کے ذریعے اس تبدیلی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا کہ صارفین کو 45 دن کا نوٹس دیا جائے گا، جس کے بعد یہ تبدیلی نافذ العمل ہوگی۔
اس پالیسی کے تحت اینڈرائیڈ فون کی سیٹنگز، ایپ ڈیٹا، ایس ایم ایس، اور کال ہسٹری گوگل اسٹوریج میں شامل ہوگا۔ گوگل نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اسٹوریج ختم ہونے کی صورت میں ماہانہ فیس ادا کرنی ہوگی۔
یہ تبدیلی گوگل کی اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسیوں میں ایک نئی شمولیت ہے۔ کمپنی نے پہلے ہی نئے اکاؤنٹس کے لیے اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کر کے 5 جی بی کرنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔
واضح رہے کہ گوگل پہلے سے گوگل فوٹوز، گوگل ڈرائیو اور جی میل کی فائلز کو اسٹوریج میں شامل کرتا تھا۔ اب اینڈرائیڈ بیک اپ ڈیٹا بھی اس کا حصہ بنے گا۔















