نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے آئل کمپنیز کے خدشات دور کر دیے، پیٹرول کے وافر ذخائر پر اطمینان کا اظہار۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی جانب سے پیٹرول کی قلت کے خدشات کا جائزہ لے کر ان کو دور کردیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں این سی ایم سی، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، ایف بی آر کے ممبر کسٹمز، اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور طلب پوری کرنے کے لیے اسٹاک کافی ہے۔ او سی اے سی کے نمائندوں کے خدشات کا جائزہ لے کر ان کا ازالہ کیا گیا۔
آئل کمپنیز نے بتایا کہ جولائی کے پہلے 15 دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافے سے سپلائی کے خدشات پیدا ہوئے۔ اوگرا نے ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی نشاندہی کی۔
واضح رہے کہ این سی ایم سی نے اوگرا کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ کی ہدایت کی ہے اور صوبائی حکومتوں کو عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا کہا ہے۔













