وزیراعظم نے پیٹرولیم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، جبکہ خطے کی کشیدگی کے اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سادگی و کفایت شعاری کے اقدامات پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی غیر یقینی صورتحال میں ہر ممکنہ چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیاری ہونی چاہیے۔ انہوں نے عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے قومی مہم میں بھرپور شرکت کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہے، لیکن خطے میں کشیدگی بڑھنے سے خطرہ ہے۔ بروقت اقدامات کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
یاد رہے کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کے لیے فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی حکمت عملی سے ایندھن کی فراہمی کو بہترین انداز میں سنبھالا گیا ہے۔













