ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں 40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو آٹوموبائل سیکٹر کی بحالی کا مظہر ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں 40 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آٹوموٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے کار، رکشہ، ٹریکٹر اور موٹرسائیکلوں کی فروخت کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پاکستان میں ایک لاکھ 55 ہزار گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ مئی کے مقابلے جون میں کاروں کی فروخت 13 فیصد بڑھ کر 15 ہزار 378 یونٹس تک پہنچ گئی۔
گزشتہ مالی سال میں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت 67 فیصد بڑھ کر 7 ہزار 440 یونٹس تک پہنچ گئی۔ جیپ اور پک اپ کی فروخت میں 41 فیصد اضافہ دیکھا گیا، 50 ہزار 814 یونٹس فروخت ہوئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مضبوط قوت خرید، بہتر آٹو فائنانسنگ اور نئے ماڈلز کی آمد نے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ کیا ہے۔ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث کمرشل وہیکلز کی فروخت بھی بڑھ گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی کار انڈسٹری تیزی سے بحالی کی جانب گامزن ہے۔ پاما رپورٹ کے مطابق موٹر بائیکس اور رکشوں کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ ہوا، 19 لاکھ 72 ہزار 77 یونٹس فروخت ہوئے۔














