راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ سروس ایریا کے این او سی تنازع کی وجہ سے 14 اگست کی ڈیڈ لائن خطرے میں ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤنیوز) راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا افتتاح ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے۔ 14 اگست کی مقررہ ڈیڈ لائن بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی روٹ کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ تاہم سروس ایریا کے این او سی تنازع نے منصوبے کو نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔
102 کنال 14 مرلہ پر مشتمل سروس ایریا کے این او سی کیس کی سماعت 16 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔ افتتاح کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی سے مشروط ہے۔
رنگ روڈ منصوبے کے لیے چھ مختلف افتتاحی ڈیڈ لائنز گزر چکی ہیں۔ تاہم منصوبہ تاحال عوام کے لیے کھولا نہیں جا سکا ہے۔
یاد رہے کہ سروس ایریا این او سی اسکینڈل کے باعث سابق کمشنر، سابق ڈپٹی کمشنر سمیت پانچ افسران کو ہٹایا جا چکا ہے۔ نئی انتظامیہ عدالتی فیصلے کی منتظر ہے۔















