اسحاق ڈار نے کروشیا کے وزیر خارجہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت خارجہ آمد پر اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور اسحاق ڈار نے کروشیا کے وزیر خارجہ کا تعارف کرایا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا مضبوط تجارتی شراکت دار ہے۔ پاکستان یورپی ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کروشیا کے وزیر خارجہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے بھی آگاہ کیا۔ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔
یاد رہے کہ کروشیا کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے تعلقات بہترین ہیں اور مل کر چیلنجز کا سامنا کرنا ضروری ہے۔















