مصدق ملک نے بھارت کو پانی کے معاملے پر سخت پیغام دیا۔ انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی پر شدید تنقید کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی پاکستان کے پانی پر تجاوز کرے گا، اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ یہ بیان انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران دیا۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پڑوسی ملک انڈس واٹر ٹریٹی کی پاسداری نہیں کر رہا۔ مصدق ملک نے کہا کہ مودی حکومت پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پانی ہماری بقاء کا معاملہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ پانی کی اہمیت پر منعقدہ عالمی کانفرنس میں ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں انڈس واٹر ٹریٹی پر پاکستان کی اہمیت اور حقائق پر بات چیت ہوگی۔













