اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ، مقررہ طریقہ کار کے بغیر پی سی ایل میں نام ڈالنا غیر قانونی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ترکیہ سے ڈی پورٹ شہری زین عتیق کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سفری پابندیاں قانونی اتھارٹی کے بغیر عائد نہیں کی جا سکتیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ، مقررہ طریقہ کار کے بغیر پی سی ایل میں نام ڈالنا غیر قانونی

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریوں کے بغیر مقررہ طریقہ کار کے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سفری پابندیاں قانونی اتھارٹی اور مقررہ طریقہ کار کے بغیر نہیں لگائی جا سکتیں۔

عدالت نے ترکیہ سے ڈی پورٹ کیے گئے شہری زین عتیق کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ شہری کا نام جولائی 2022 میں بغیر قانونی بنیاد کے پی سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق، ایف آئی اے کی سفارش کے باوجود پاسپورٹ اتھارٹی نے شہری کا نام فہرست سے نہیں نکالا۔ عدالت نے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کی منظوری کے بغیر شہریوں کو پی سی ایل میں نہیں رکھا جا سکتا۔

عدالت نے کہا کہ ریکارڈ میں ایسا کچھ نہیں جو یہ ثابت کرے کہ پاکستان یا ترکیہ میں درخواست گزار کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ زیر التوا ہے۔ اس بناء پر شہری کا نام پی سی ایل میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔

واضح رہے کہ عدالت نے شیریں مزاری کیس میں قرار دیا تھا کہ سفری پابندیاں صرف قانونی اتھارٹی کے مطابق ہی عائد کی جا سکتی ہیں۔ موجودہ کیس میں حکام قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں