وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں این ایف سی کا اجلاس، وفاقی اور صوبائی مالیاتی معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی اور صوبائی مالیاتی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ بطور صوبائی وزیر خزانہ شریک ہوئے، جبکہ بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے خزانہ اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے وفاقی مالی معاملات پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد چاروں صوبے بھی اپنی مالی صورت حال پر بریفنگ فراہم کی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ این ایف سی کا یہ اجلاس آئینی ذمہ داری اور باہمی تعاون کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10ویں این ایف سی کی مدت پوری ہونے کے بعد اس اجلاس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس کے انعقاد میں گہری دلچسپی لی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ صوبوں نے بھی آئینی ذمہ داری کو بروقت ادا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں سیلاب کے باعث اجلاس مؤخر ہوا، لیکن اب مخلصانہ مکالمے کے ذریعے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے مؤقف کو سننے کے لیے موجود ہے اور امید ظاہر کی کہ صوبے بھی تعمیری تعاون کے جذبے سے آگے بڑھیں گے۔ نیشنل فِسکل پیکٹ پر دستخط اور آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد میں صوبوں کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔













