موبائل فون صارفین پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھتا جارہا ہے، 100 روپے کے لوڈ پر صارف کو صرف 72.77 روپے ملتے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ملک میں موبائل فون صارفین ٹیکسوں کے بڑھتے بوجھ تلے دب گئے ہیں۔ صارفین ہر موبائل لوڈ پر ساڑھے 34 فیصد تک ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں۔
100 روپے کا بیلنس لوڈ کرانے پر صارف سے تقریباً 29 روپے ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جاتے ہیں۔ ان میں 15 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس شامل ہے، جس کی مد میں 13.04 روپے کٹوتی ہوتی ہے۔
باقی بیلنس پر ساڑھے 19 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں 100 روپے کے لوڈ پر مزید 14.19 روپے سیلز ٹیکس میں کٹ جاتے ہیں۔
یوں 100 روپے کا لوڈ کرانے پر صارف کو صرف 72.77 روپے کا بیلنس ملتا ہے۔ تقریباً 27.23 روپے مختلف ٹیکسوں میں کٹ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے مالیاتی خسارہ کم کرنے کے لیے موبائل صارفین پر ٹیکسوں کا نفاذ کیا تھا۔ یہ ٹیکس صارفین کے مالی بوجھ میں اضافہ کر رہے ہیں۔














