امام مسجد نبوی عبدالرحمان الحذیفی نے خطبہ حج میں صبر، تقویٰ اور توحید کی اہمیت پر زور دیا۔
مکہ مکرمہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام مسجد نبوی عبدالرحمان الحذیفی نے رب کے سوا کسی کی عبادت نہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے تقویٰ اختیار کرنے اور صرف اللہ سے ڈرنے کی نصیحت کی ہے۔
امام الحذیفی نے کہا کہ مسلمانوں کو کسی بھی مشکل میں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ صبر کرنے والوں کے لیے اللہ نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توحید پر عمل درآمد ایمان کا حصہ ہے۔
خطبہ حج میں امام الحذیفی نے کہا کہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے ظلم اور ناشکری کی، ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔
امام مسجد بنوی نے حجاج کرام کو سچ بولنے اور غلط بیانی سے بچنے کی تاکید کی۔ انہوں نے نماز قائم کرنے، اللہ کے ذکر اور عبادات میں مصروف رہنے کی نصیحت کی۔
واضح رہے کہ لاکھوں حجاج کرام نے میدان عرفات میں خطبہ حج سنا۔ خطبہ حج کے بعد مسجد نمرہ میں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئی۔ مسلم دنیا کے مسائل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔














