حج کے آغاز پر لاکھوں عازمین منیٰ کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ سعودی محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی وارننگ جاری کی ہے۔
مکہ مکرمہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج نے مناسک حج کا آغاز کرتے ہوئے منیٰ کی جانب رخ کر لیا ہے۔ خیموں کے شہر منیٰ میں عبادات اور لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
حجاج کرام کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا۔ پیر کی شب تمام عازمین منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس کے بعد 9 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد عرفات جائیں گے۔
عرفات میں خطبہ حج سن کر ظہر اور عصر ملا کر ادا کریں گے۔ وقوف عرفات کے بعد مغرب کے بعد مزدلفہ پہنچیں گے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران مکہ مکرمہ میں شدید گرمی کی لہر جاری رہ سکتی ہے۔ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بیرون ملک سے 15 لاکھ سے زائد حجاج مکہ پہنچ چکے ہیں۔ عازمین کی سہولت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔














