حزب اللہ نے ایران اور امریکا کے ممکنہ معاہدے میں لبنان کی شمولیت پر زور دیا ہے، اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کو ناقابل قبول قرار دیا۔
بیروت: (رائیٹ ناؤ نیوز) حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل سے مذاکرات کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے میں لبنان کو شامل کیا جانا چاہیے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ ایران امریکا معاہدہ جلد مکمل ہوگا، جس کے نتیجے میں مکمل جنگ بندی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے لبنانی حکومت کو اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات فوری ترک کرنے کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات ناقابل قبول ہیں، اس سے صرف اسرائیل کو فائدہ ہوگا۔ لبنان کے مسائل اندرونی طور پر حل کیے جا سکتے ہیں، بیرونی دباؤ کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا تباہی کے مترادف ہوگا۔ ان کے مطابق حزب اللہ کا اسلحہ لبنان کے دفاع اور اسرائیلی خطرات کے خلاف مزاحمت کی بنیادی قوت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج اور ان کی پوزیشنز کو نشانہ بناتے ہوئے 28 کارروائیاں کی تھیں۔ ان حملوں میں راکٹوں، توپ خانے اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا تھا۔














