وزیر اعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر چین پہنچ گئے، جہاں اہم ملاقاتیں اور معاہدے متوقع ہیں۔ دورہ دونوں ممالک کے تعاونی تعلقات کو مستحکم کرے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف چار روزہ سرکاری دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا تارڑ اور شزا فاطمہ بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے تعاون کے فروغ کے لیے بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔ مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
وزیر اعظم چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور علی بابا ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے۔ تعاون کی مزید یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک، تجارت اور سرمایہ کاری پر گفتگو ہوگی۔
واضح رہے کہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔ وزیر اعظم چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتوں کے علاوہ چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز کا بھی دورہ کریں گے۔














