75 سالہ پاک چین سفارتی تعلقات کی سالگرہ پر صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چین کو مبارکباد دی۔ دونوں ممالک کی دوستی کو عالمی امن کے لیے اہم قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چین کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے چین کی قیادت بالخصوص صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کو سراہا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ 75 سالہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور سٹریٹجک تعاون کی مثال ہیں۔ دونوں ممالک نے عالمی اور علاقائی تبدیلیوں کے باوجود یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ پاک چین شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔ پاکستانی عوام اس دوستی پر فخر کرتے ہیں جو دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے چین کی قیادت میں جدیدیت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں کامیابیوں کو سراہا۔ پاکستان چین کے عالمی اقدامات کو عالمی امن کے فروغ میں اہم سمجھتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ون چائنا اصول پر پابند ہے اور چین کے بنیادی مفادات کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دونوں ممالک کی دوستی کو وقت کے ساتھ مضبوط ہونے کی مثال قرار دیا ہے۔














