ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران پر دوبارہ جنگ کی صورت میں مزید حیران کن نتائج کی دھمکی دی ہے۔ امریکی کانگریس نے بھی ایران کے دفاعی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو اس کے نتائج پہلے سے زیادہ حیران کن ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی کانگریس نے حالیہ جنگ کے دوران ایران کی کامیاب دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے درجنوں امریکی جنگی طیاروں کی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کی عسکری کامیابیوں کا ثبوت ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے امریکی ‘ایف 35’ طیارے کو مار گرایا، جو دنیا بھر میں ناقابل تسخیر سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فوج نے حالیہ جارحیت سے کافی تجربہ حاصل کیا ہے اور آئندہ بھی سرپرائزز دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملوں کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ حملے کا حکم دینے سے محض ایک گھنٹے کی دوری پر تھے۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی خواہش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا کی ترجیح مذاکرات اور سفارتی حل ہے، لیکن وہ فوجی آپشن کے لیے بھی تیار ہیں۔













