چینی صدر شی جن پنگ نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں طاقت کی سیاست بڑھ رہی ہے، جس سے عالمی کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤنیوز) چینی صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا ایک بار پھر ‘جنگل کے قانون’ کی طرف لوٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور ممالک اپنی طاقت کے زور پر فیصلے مسلط کر رہے ہیں۔
چینی صدر نے بیجنگ میں روسی صدر ولادمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین اور روس کے درمیان مضبوط سیاسی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون تعلقات کی کامیابی کی بنیاد ہے۔
روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین کے تعلقات غیر معمولی سطح پر ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے کی ترقی میں مزید تعاون بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کے اقتصادی تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران روس چین کے لیے قابل اعتماد توانائی فراہم کنندہ ہے۔
یاد رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا، چین اور روس کے درمیان سیاسی و معاشی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال بھی عالمی سیاست پر اثر انداز ہو رہی ہے۔














