چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ‘بہترین ڈپلومیٹ میڈل’ سے نواز دیا، ان کی سفارتی صلاحیتوں کا اعتراف۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤ نیوز) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے ‘بہترین ڈپلومیٹ میڈل’ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی غیر معمولی سفارتی صلاحیتوں اور پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں انمول شراکت کے اعتراف میں دیا گیا۔
وزارت خارجہ بیجنگ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں یہ تمغہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر چین کے لیے تسلیم شدہ آٹھ موجودہ و سابق سفیروں کو بھی اعزاز دیا گیا جن میں روسی، کمبوڈیا، چاڈ، یوراگوئے، سعودی عرب، قازقستان اور کولمبیا کے سفیر شامل ہیں۔
سفیر خلیل ہاشمی چین میں خدمات انجام دینے والے پہلے پاکستانی سفیر بن گئے جنہیں یہ اعزاز ملا۔ انہوں نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ ایوارڈ اپنے ٹیم کے ارکان، خاندان اور دونوں ممالک کی سفارتی خدمات کو وقف کیا۔
سفیر ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ عالمی چیلنجز میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ 2005 کے کشمیر زلزلے اور 2008 کے سیچوان زلزلے جیسے مواقع پر دونوں ممالک نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ سفیر ہاشمی نے پاک چین دوستی کو ‘پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط’ قرار دیا ہے۔














