بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش ناکام ہو رہی ہے؛ انہوں نے مذاکرات کو مسئلہ کشمیر کا حل قرار دیا۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش میں بھارت خود اکیلا ہو رہا ہے۔ انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ اعتراف کیا۔
اے ایس دلت نے کہا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کہانیاں پرانی ہوچکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کبھی نہیں ٹوٹے گا اور نہ ہی بکھرے گا، بلکہ اب وہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کروا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کردار بھارت کو ادا کرنا چاہیے تھا۔ اے ایس دلت نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوگا اور پاکستان و بھارت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہییں۔ بھارت کو ہمیشہ پاکستان سے بات چیت کے لئے تیار رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں آر ایس ایس کے سیکرٹری جنرل نے بھی کہا تھا کہ بھارت کو پاکستان سے مذاکرات کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ بھارتی فوج کے سابق سربراہ منوج نروانے نے بھی دونوں ممالک کے مسائل کو سیاست سے الگ قرار دیا تھا۔















